دوحہ: (ویب ڈیسک ) قطر میں جاری فیفا ورلڈکپ کے دوسرے سیمی فائنل سے قبل مراکش کی فٹبال فیڈریشن نے بڑا اعلان کردیا۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق مراکشی فٹبال فیڈریشن نے فرانس اور مراکش کے درمیان فیفا ورلڈکپ کے دوسرے سیمی فائنل کیلئے 13 ہزار مفت ٹکٹس دینے کا اعلان کیا ہے تاکہ شائقین اپنی ٹیم کوبھرپور سپورٹ کرسکیں.
مراکش پہلی افریقی ٹیم ہے جس نے پہلی بار سیمی فائنل تک رسائی حاصل کی ہے، انہوں نے یورپی ہیوی ویٹ بیلجیئم، اسپین اور پرتگال جیسی بڑی ٹیموں کو شکست دے کر ورلڈکپ میں اپنا سفر اب تک برقرارکھا ہے۔
مراکش نے اپنا پہلا میچ کروشیا کے خلاف کھیلا جو بغیر کسی گول کے برابر رہا، دوسرے میچ میں مراکش نے سنسنی خیز میچ میں بیلجیم کو 0-2 سے شکست دی جبکہ اگلے میچ میں کینیڈا 1-2 سے ہرایا، سابق عالمی چیمپیئن اسپین کو 0-3 سے پنالٹی پر شکست دیکر اپ سیٹ کیا اور پھر کواٹر فائنل میں رونالڈو کا ورلڈکپ جیتنے کا خواب چکنا چُور کرتے ہوئے پرتگال کو 0-1 سے شکست دیکر ٹورنامنٹ سے باہر کردیا۔
دوسری جانب فرانس اور مراکش کے میچ سے قبل پریس کانفرنس کرتے ہوئے کوچ ولید ریگراگئی نے کہا کہ ہماری نگاہیں ورلڈکپ جیتنے پر مرکوز ہیں، ہم مراکش، افریقہ اور مغرب کیلئے تاریخ رقم کرنا چاہتے ہیں۔
قبل ازیں میگا ایونٹ کے پہلے سیمی فائنل میں ارجنٹینا نے کروشیا کو 0 کے مقابلے میں 3 گول سے شکست دے کر فائنل کی دوڑ سے باہر کردیا تھا۔