سعودی سپر کپ : النصر کوچ نے ٹیم کے باہر ہونے کا ذمہ دار رونالڈو کو ٹھہرا دیا

Published On 28 January,2023 01:44 pm

ریاض: (ویب ڈیسک ) النصر کے ہیڈکوچ روڈی گارشیا نے سعودی سپر کپ کے سیمی فائنل میں الاتحاد کے خلاف ٹیم کے باہر ہونے کا ذمہ دار کرسٹیانو رونالڈو کو قرار دے دیا ۔

سعودی فٹبال کلب النصر کے کوچ  روڈی گارشیا نے الزام عائد کیا ہے  کہ پہلے ہاف میں رونالڈو کی جانب سے موقع ضائع کرنے کی وجہ سے میچ کا رخ تبدیل ہو گیا۔ 

گارشیا نے النصر کے کیخلاف جیت پر الاتحاد  کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ہم سے پہلے ہاف میں بہت بہتر کھیل پیش کیا، بدقسمتی سے ہماری ٹیم گول اسکور کرنے میں ناکام رہی۔

فرانسیسی منیجر نے مزید کہا کہ یہ سچ ہے کہ ہمیں سپر کپ ہارنے کا افسوس ہے لیکن ہم ابھی بھی لیگ میں پہلے نمبر پر ہیں۔

النصر فٹبال کلب کے روایتی حریف الاتحاد نے 1-3 گول سے شکست دی تھی ، رونالڈو نے  43ویں منٹ میں گول کرنے کی کوشش کی تھی لیکن گول کیپر مارسیلو گروہے نے کوشش کو ناکام کردیا تھا۔

اس سے قبل ایک نمائشی میچ کے دوران میسی کی پیرس سینٹ جرمن نے رونالڈو کی النصر ٹیم کو شکست دی تھی۔

واضح رہے کہ رونالڈو اور سعودی کلب کے درمیان ڈھائی سالہ معاہدہ طے پاچکا ہے جس کے تحت النصر کلب انہیں 21 کروڑ 30 لاکھ ڈالرز معاوضہ ادا کرے گا۔