ہارون ملک کا کراچی فٹبال ہاؤس میں سرگرمیاں بحال کرنے کا اعلان

Published On 26 January,2023 01:27 am

کراچی : ( ویب ڈیسک ) چیئرمین پی ایف ایف نارملائزیشن کمیٹی ہارون ملک نے کراچی فٹبال ہاؤس میں سرگرمیاں بحال کرنے کا اعلان کر دیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق چیئرمین پی ایف ایف نارملائزیشن کمیٹی ہارون ملک نے فیفا فٹبال ہاؤس ہاکس بے کراچی کا دورہ کیا اور گراؤنڈ کی صفائی ستھرائی کے کام کا آغاز کیا۔

اس موقع پر ہارون ملک کا کہنا تھا کہ پاکستان فٹبال کو درست سمت کی جانب گامزن کرنے کی کوشش کررہے ہیں، گزشتہ کئی سالوں سے ہاؤس کی حالت انتہائی خراب تھی، چیلنج کپ فٹبال کے موقع پر کراچی کے لوگوں نے بتایا تو آج یہاں کا دورہ کر رہاہوں۔

ان کا کہنا تھا کہ کوشش ہے کہ فٹبال ہاؤس کی حالت بہتر بنانے کیلئے کام بھی جاری رہے اور اسے مقامی کھلاڑیوں کیلئے کھول دیا جائے، کراچی کا پاکستان فٹبال میں ہمیشہ اہم کردار رہا ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ کراچی فٹبال ہاؤس میں کھلاڑیوں کو ہرممکن سہولت فراہم کریں گے، گراؤنڈ کی صفائی ستھرائی کے بعد اسے یہاں کے کھلاڑیوں کیلئے کھول دیا جائے گا۔ 

Advertisement