مارکس راشفورڈ کا مانچسٹر یونائیٹڈ کے ساتھ پانچ سال کا نیا معاہدہ

Published On 19 July,2023 02:46 am

لندن : ( ویب ڈیسک ) انگلش فٹبالر اور مانچسٹر یونائیٹڈ کلب کے فارورڈ مارکس راشفورڈ نے اپنے مستقبل کے بارے میں قیاس آرائیوں کو ختم کرتے ہوئے کلب کے ساتھ پانچ سال کا نیا معاہدہ سائن کر لیا۔

لیگ کے پچھلے سیزن میں راشفورڈ کے گولز نے مانچسٹر یونائیٹڈ کو ٹاپ فور میں کامیابی حاصل کرنے اور چیمپئنز لیگ میں واپسی میں مدد فراہم کی تھی۔

راشفورڈ نے اپنے نئے معاہدے پر دستخط کرنے کے بعد کہا کہ میں نے مانچسٹر یونائیٹڈ میں سات سالہ لڑکے کے طور پر ایک خواب کے ساتھ شمولیت اختیار کی تھی، میں نے پہلے ہی اس ناقابل یقین کلب میں کچھ حیرت انگیز تجربات کئے ہیں لیکن ابھی بھی بہت کچھ حاصل کرنا باقی ہے اور میں آنے والے سالوں میں مزید ٹرافیاں جیتنے کے لیے پرعزم ہوں۔

انہوں نے کہا کہ میں آپ کو یقین دلاتا ہوں کہ ٹیم کو اس سطح تک پہنچنے میں مدد کرنے کیلئے سب کچھ دوں گا جس کے ہم اہل ہیں۔

راشفورڈ انگلینڈ کے ان تین کھلاڑیوں میں سے ایک تھے جنہیں اٹلی کے ہاتھوں یورو 2020 کے فائنل میں شکست کے بعد نسل پرستانہ زیادتی کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

انگلش فٹبالر نے 2016 میں ڈیبیو کرنے کے بعد کلب کے لیے 359 میچز کھیلے اور 123 گول کئے ہیں۔