لیونل میسی کا امریکی کلب انٹر میامی کے ساتھ 2025 تک معاہدہ

Published On 16 July,2023 03:50 am

میامی : ( ویب ڈیسک ) ارجنٹائن کے سپر سٹار اور دنیائے فٹبال کے معروف کھلاڑی لیونل میسی نے امریکی فٹبال کلب انٹر میامی کے ساتھ 2025 تک معاہدہ کر لیا۔

میجر لیگ سوکر ( ایم ایل ایس ) نے اعلان کیا کہ ارجنٹائن کے سپر سٹار لیونل میسی نے انٹر میامی کے ساتھ 2025 تک معاہدہ کیا ہے جبکہ انٹر میامی کے شریک مالک ڈیوڈ بیکہم نے کہا کہ یہ معاہدہ ایک خواب تھا جو آخر کار سچ ہو گیا۔

ڈیوڈ بیکہم نے کہا کہ 10 سال پہلے جب میں نے میامی میں ایک نئی ٹیم بنانے کے لیے اپنا سفر شروع کیا تب میں نے عظیم ترین کھلاڑیوں کو لانے کا خواب دیکھا تھا، آج وہ خواب پورا ہو گیا، مجھے اس سے زیادہ فخر نہیں ہو سکتا کہ لیو کیلیبر کا ایک کھلاڑی ہمارے کلب میں شامل ہو رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مجھے ایک اچھے دوست، ایک حیرت انگیز شخص اور اس کے خوبصورت خاندان کو ہماری انٹر میامی کمیونٹی میں شامل ہونے پر خوش آمدید کہتے ہوئے خوشی ہو رہی ہے، میں میسی کو میدان میں لے جانے کا انتظار نہیں کر سکتا۔

دوسری جانب میسی کا کہنا تھا کہ میں اپنے کیریئر کا اگلا مرحلہ انٹر میامی اور ریاستہائے متحدہ میں شروع کرنے کے لیے بہت پرجوش ہوں، یہ ایک بہترین موقع ہے اور ہم مل کر اس خوبصورت پروجیکٹ کو جاری رکھیں گے، ہمارا خیال یہ ہے کہ ہم اپنے طے کردہ مقاصد کو حاصل کرنے کے لیے مل کر کام کریں۔

میسی لیگز کپ کے اپنے افتتاحی میچ میں 21 جولائی کو LIGA MX کیخلاف میامی کی جانب سے کھیلنے کیلئے دستیاب ہوں گے۔