پرتگالی کوچ لوئس کاسترو النصر کلب کے کوچ بن گئے

Published On 07 July,2023 12:45 pm

ریاض : (ویب ڈیسک ) سٹار فٹبالر کرسیٹیانو رونالڈو کے سعودی کلب النصر نے پرتگالی کوچ لوئس کاسترو کی خدمات حاصل کرلیں۔

غیر ملکی خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق النصر فٹبال کلب نے رونالڈو کے ہم وطن کوچ لوئس کاسترو کی خدمات حاصل کرلی ہیں، وہ پری سیزن ٹریننگ کیمپ سے ٹیم کو جوائن کرلیں گے۔

لوئس کاسترو کے ساتھ النصر نے کتنے سال کا معاہدہ کیا ہے اسکی تاحال تصدیق نہیں ہوسکی ہے۔

61 سالہ پرتگالی کوچ نے 2020-21 چیمپئنز لیگ کے گروپ مرحلے میں ریال میڈرڈ کے خلاف ہوم اینڈ اوے جیت سمیت یوکرین میں اپنے دو سیزن گزارے جبکہ گزشتہ سیزن میں وہ برازیل میں بوٹافوگو کے ساتھ منسلک تھے۔

سعودی پرو لیگ میں گزشتہ سیزن میں ٹیم کے رنر اپ ہونے کے بعد کاسترو اگلے ماہ ایشین چیمپئنز لیگ کیلئے کوالیفائنگ پلے آف میں النصر کی کوچنگ کے فرائض سرانجام دیں گے۔