لندن : ( ویب ڈیسک ) انگلش فٹبال کلب ملوال کے مالک اور چیئرمین جان بیرلسن کار حادثے کے نتیجے میں جاں بحق ہوگئے۔
برطانوی پولیس حکام نے 70 سالہ جان بیرلسن کی موت کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ ان کی کار ایک درخت سے ٹکرا گئی تھی جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہوئے اور زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جان کی بازی ہار گئے۔
حکام کے مطابق بیرلسن کار میں اکیلے ہی سفر کر رہے تھے اور حادثہ تیز رفتاری کے باعث پیش آیا۔
بیرلسن کی موت پر فٹبال کلب ملوال نے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے حادثے کو افسوسناک قرار دیا۔
فلماؤتھ پولیس ڈیپارٹمنٹ نے کہا کہ حادثے کی ابتدائی تحقیقات سے پتہ چلتا ہے کہ بیرلسن اپنی گاڑی پر کیپ کوڈ پر واقع ساحلی شہر فلماؤتھ کی طرف جا رہے تھے کہ وہ ایک موڑ پر کنٹرول کھو بیٹھے اور سڑک سے اتر گئے جس کے بعد انکی گاڑی ایک درخت سے ٹکرائی۔
فلماؤتھ پولیس نے بتایا کہ بیرلسن گاڑی کے اندر پھنس گئے تھے اور انہیں ’ مکینیکل طریقوں ‘ سے نکالا گیا، وہ حادثے میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے موقع پر ہی دم توڑ گئے۔
حادثے کی تحقیقات فلماؤتھ پولیس ڈیپارٹمنٹ اور میساچوسٹس اسٹیٹ پولیس کر رہی ہے۔
بیرلسن کے پسماندگان میں انکی بیوی ایمی اور تین بچے جینیفر، جیمز اور الزبتھ شامل ہیں۔