لندن : ( ویب ڈیسک ) انگلینڈ کی گول کیپر ہننا ہیمپٹن نے آسٹن ولا کلب کے ساتھ معاہدہ ختم ہونے کے بعد انگلش فٹبال کلب چیلسی کے ساتھ معاہدہ کر لیا۔
22 سالہ کیپر نے آسٹن ولا کے ساتھ معاہدے کی توسیع کی پیشکش کو مسترد کرتے ہوئے چیلسی کے ساتھ تین سال کا معاہدہ کیا ہے، ہیمپٹن نے پچھلے سال انگلینڈ میں ڈیبیو کیا تھا۔
معاہدے کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ یہ ایک بہت بڑا کلب ہے، اس کا حصہ بننا اور کلب کا بیج پہننے کے قابل ہونا اعزاز کی بات ہے، میں بہتری لانا چاہتی ہوں اور ٹرافی جیتنے کے لئے ٹیم کی مدد کرنا چاہتی ہوں۔
ہیمپٹن کو بڑے پیمانے پر ملک کی سب سے باصلاحیت نوجوان گول کیپرز میں سے ایک سمجھا جاتا ہے، انہوں نے 2021 میں ویسٹ مڈلینڈز کے حریف برمنگھم سٹی سے آسٹن ولا کلب میں شمولیت اختیار کی تھی۔
چیلسی کی مینجر ایما ہیز کا کہنا تھا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ ہننا دنیا کی بہترین نوجوان گول کیپرز میں سے ایک ہیں، ان کی کارکردگی میں سال بہ سال بہتری آرہی ہے اور ہمیں اپنے ساتھ ان کے مستقبل کے لیے بہت امیدیں ہیں۔
ہیمپٹن کو 20 جولائی سے آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ میں شروع ہونے والے ویمنز ورلڈ کپ کے لیے ویگ مین کے سکواڈ میں بھی شامل کیا گیا ہے۔