آرسنل کا ڈچ کھلاڑی جوریئن ٹمبر کے ساتھ معاہدے کا اعلان

Published On 15 July,2023 02:49 am

لندن : ( ویب ڈیسک ) انگلش فٹبال کلب آرسنل ایف سی نے ہالینڈ کے دفاعی کھلاڑی جوریئن ٹمبر کے ساتھ معاہدے کا اعلان کر دیا۔

آرسنل کے مینجر میکل آرٹیٹا کا کہنا تھا کہ جوریئن کے کلب جوائن کرنے پر ہم واقعی ہی بہت پرجوش ہیں ، وہ ایک ورسٹائل نوجوان دفاعی کھلاڑی ہے جبکہ آرسنل کے سپورٹس ڈائریکٹر ایڈو نے کہا کہ ہم ٹمبر کو آرسنل میں لانے پر بہت خوش ہیں، وہ ایک ایسا کھلاڑی ہے جس کی ہم نے ہمیشہ سے تعریف کی ہے۔

ایڈو کا کہنا تھا کہ ٹمبر ایک نوجوان اور باصلاحیت بین الاقوامی کھلاڑی ہے جو ایک مضبوط سکواڈ کے ساتھ مقابلہ کرنے کے ہمارے وژن کے مطابق ہے، ہم واقعی امید کر رہے ہیں کہ وہ یہاں کئی سالوں تک شاندار کامیابی حاصل کرے گا۔

معاہدے کے حوالے سے جوریئن ٹمبر کا کہنا تھا کہ میں ہمیشہ سے آرسنل کا پرستار رہا ہوں ، ان کے پاس بڑے کھلاڑی ہیں اور جس انداز سے وہ کھیلتے ہیں مجھے اس کی وجہ سے کلب سے محبت ہے، مجھے رابن وین پرسی اور تھیری ہنری کو دیکھنا پسند تھا اور وہ میرے پسندیدہ کھلاڑی تھے۔

ٹمبر نے گزشتہ سیزن میں ایجیکس کی جانب سے تمام 47 مقابلوں میں شرکت کی جن میں چیمپئنز لیگ کے گروپ مرحلے میں ان کے 6 میچز بھی شامل ہیں۔

خیال رہے کہ 22 سالہ دفاعی کھلاڑی نے آرسنل کے ساتھ ہر سال 8 ملین یورو کے پانچ سالہ معاہدے پر دستخط کیے ہیں۔