بھارت سے شکست، پاکستان پہلی مرتبہ ایشین چیمپئنز ٹرافی کے پہلے راؤنڈ میں باہر

Published On 09 August,2023 10:31 pm

چنئی: (ویب ڈیسک) ایشین چیمپئنز ٹرافی ہاکی میں پاکستان راؤنڈ رابن کے آخری میچ میں میزبان بھارت کے ہاتھوں شکست کے بعد سیمی فائنل کی دوڑ سے باہر ہوگیا۔

چنئی میں ہونے والے میچ میں بھارتی ٹیم شروع سے ہی چھائی رہی، 15 ویں منٹ میں بھارت کو پنالٹی کارنر ملا جس پر ہرمن پریت سنگھ نے گول کر دیا۔

23 ویں منٹ میں ہرمن پریت نے دوسرا گول سکور کرکے بھارت کو 0-2 کی برتری دلائی، تیسرے کوارٹر میں جگراج سنگھ نے پنالٹی کارنر کو گول میں تبدیل کیا، یوں 31 ویں منٹ میں کھیل کا سکور بھارت کے حق میں 0-3 ہوا۔

55 ویں منٹ میں آکاش دیپ سنگھ نے چوتھا گول سکور کیا اور یوں 0-4 کی شکست کے ساتھ ساتھ پاکستان ایونٹ میں پہلی مرتبہ سیمی فائنل کی دوڑ سے باہر ہو گیا۔

پاکستان ٹیم کے 5 میچز میں 5 پوائنٹس رہے، جاپان اور جنوبی کوریا کے بھی 5، 5 پوائنٹس تھے مگر پاکستان منفی 5 کے گول فرق کی وجہ سے ٹاپ فور میں نہ آسکا۔

یاد رہے کہ یہ ایشین چیمپئنز ٹرافی کا ساتواں ایڈیشن ہے، پاکستان نے ابتدائی 5 ایڈیشنز میں ہر بار فائنل کھیلا جبکہ 2021ء میں اس نے سیمی فائنل کھیلا تھا، 2023 کی سیمی فائنل لائن اپ پاکستان کے بغیر رہے گی۔