پی ایچ ایف کا قومی کھیل کو کھویا مقام واپس دلانے کا عزم

Published On 31 August,2023 07:26 pm

اسلام آباد: ( دنیا نیوز) پاکستان ہاکی فیڈریشن کی غیر معمولی کانگرس کا اجلاس ، قومی کھیل ہاکی کے کھوئے ہوئے مقام کو واپس لانے کا عزم کیا گیا۔

پاکستان ہاکی فیڈریشن کی غیر معمولی کانگرس نے اجلاس کے دوران سابق صدر بریگیڈئر (ر) خالد سجاد کھوکھر پر عدم اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے اجلاس دوبارہ 7 ستمبر کو طلب کرلیا، اجلاس میں فیڈریشن کے معطل سیکرٹری جنرل کیخلاف تحریک عدم اعتماد بھی پیش کی جائے گی۔

فیڈریشن کی کانگرس اجلاس میں اولمپیئن اختر رسول، شہباز سینئر رانا مجاہد، قمر ابراہیم ، خواجہ جنید سمیت 55 سے زائد ممبران نے پورے پاکستان سے شرکت کی، کانگرس نے ہاکی کی بہتری کے لیے اقدامات اٹھانے کی منظوری دی۔

اجلاس کے بعد آصف باجوہ نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج یہاں ہم اختر رسول کی قیادت میں بہت اہم معاملہ پہ اکٹھے ہوئے ہیں، ہم سب ہاکی کی بہتری چاہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آج کا اجلاس نگران وزیر اعظم صاحب کے لیے پیغام ہے جنہوں نے سابق وزیراعظم شہباز شریف کی سفارشات کی روشی میں ہاکی فیڈریشن کی باڈی کی تحلیل کا نوٹیفکیشن جاری کر رکھا ہے ۔