ٹوکیو : (ویب ڈیسک ) روس کی نامور ٹینس سٹار ویرونیکا کدرمیٹووا نے امریکا کی جیسیکا پیگولا کو ہرا کر ٹورے پین پیسیفک اوپن ٹینس ٹورنامنٹ جیت لیا۔
ڈبلیو ٹی اے کے زیر اہتمام ٹورے پین پیسیفک اوپن ٹینس ٹورنامنٹ کے دلچسپ مقابلوں کا سلسلہ جاپان میں جاری ہے۔
26 سالہ روسی ٹینس کھلاڑی ویرونیکا کدرمیٹووا نے خواتین کے سنگلز مقابلوں کے فائنل میچ میں 29 سالہ امریکی حریف کھلاڑی اور ایونٹ کی سیکنڈ سیڈڈ جیسیکا پیگولا کو شکست دے کر اپنے کیریئر کا دوسرا ڈبلیو ٹی اے ٹور ٹائٹل جیت لیا۔
فائنل میچ میں روسی ٹینس کھلاڑی ویرونیکا کدرمیٹووا نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے حریف امریکی ٹینس سٹار جیسیکا کو سٹریٹ سیٹس میں 5-7 اور 1-6 سے ہرا کر ٹورنامنٹ کا ویمنز سنگلز ٹائٹل جیت لیا۔
روسی کھلاڑی نے ایک گھنٹہ 24 منٹ میں امریکی جیسیکا پیگولا کو پچھاڑ دیا۔
ٹورنامنٹ کی فاتح کھلاڑی ویرونیکا کدرمیٹووا نے ایونٹ میں کامیابی کے بعد کہا کہ میں اپنی کارکردگی سے واقعی خوش ہوں ، یہ میرا دوسرا ڈبلیو ٹی اے ٹائٹل ہے اور مجھے اپنے آپ پر فخر ہے۔
انہوں نے کہا کہ اپنی عمدہ کارکردگی کے تسلسل کو برقرار رکھتے ہوئے مستقبل میں مزید فتوحات حاصل کروں گی۔