لندن : (ویب ڈیسک ) انگلش پریمیئر فٹ بال لیگ میں چیلسی نے سخت مقابلے کے بعد نیو کیسل یونائیٹڈ کی ٹیم کو2-3 سے شکست دیدی۔
انگلش پریمیئر لیگ کے 32 ویں سیزن کے انتہائی دلچسپ اور کانٹے دار مقابلوں کا سلسلہ انگلینڈ میں جاری ہے۔
سٹامفورڈ برج، لندن کے مقام پر کھیلے گئے میچ میں چیلسی اور نیوکیسل یونائیٹڈ کی ٹیمیں آمنے سامنے تھیں جس میں چیلسی کی ٹیم میچ کے آغاز سے ہی نیوکیسل یونائیٹڈ پر حاوی ہوگئی۔
چیلسی کے نکولس جیکسن نے میچ کے آغاز کے بعد چھٹے منٹ میں ایک گول کر کے اپنی ٹیم کو نیوکیسل یونائیٹڈ کے خلاف 0-1 گول کی برتری دلا دی، جس کو نیوکیسل یونائیٹڈ کے الیگزینڈر اسک نے میچ کے 43 ویں منٹ میں ایک گول کر کے 1-1 سے برابر کر دیا، جو میچ کے پہلے ہاف تک برقرار رہا، یوں میچ کے پہلے ہاف پر دونوں ٹیموں کے درمیان مقابلہ 1-1 گول سے برابر تھا۔
دوسرے ہاف کے شروع ہونے کے بعد چیلسی کے کول پامر نے 57 ویں منٹ میں ایک گول کر کے اپنی ٹیم کو نیو کیسل یونائیٹڈ کے خلاف ایک مرتبہ پھر 1-2 گول کی برتری دلا دی، چیلسی کے ہی میخائیلو مدریک نے 76 ویں منٹ میں ایک گول کر کے مقابلہ 1-3 کر دیا۔
نیو کیسل یونائیٹڈ کے جیکب مرفی نے میچ کے اختتامی لمحات 90 ویں منٹ میں ایک گول کر کے مقابلہ 2-3 کر دیا، چیلسی کی ٹیم نے میچ میں نیوکیسل یونائیٹڈ کو دو کے مقابلے میں تین گول سے ہرا دیا۔
یہ چیلسی کی لیگ میں 11 ویں فتح ہے اور وہ ای پی ایل پوائنٹس ٹیبل پر 39 پوائنٹس کے ساتھ گیارہویں پوزیشن پر موجود ہے۔