انگلینڈ: (ویب ڈیسک ) انگلش پریمیئر فٹ بال لیگ میں بورن ماؤتھ نے سخت مقابلے کے بعد لیوٹن ٹاؤن کو 3-4 گول سے ہرا دیا، یہ بورن ماؤتھ کی ٹیم کی ای پی ایل میں نویں فتح ہے۔
انگلش پریمیئر لیگ کے 32 ویں سیزن کے انتہائی دلچسپ اور کانٹے دار مقابلوں کا سلسلہ انگلینڈ میں جاری ہے۔
وائٹلٹی سٹیڈیم بورن ماؤتھ کے مقام پر کھیلے گئے میچ میں بورن ماؤتھ اور لیوٹن ٹاؤن کی ٹیمیں آمنے سامنے تھیں جس میں لیوٹن ٹاؤن کی ٹیم میچ کے آغاز سے ہی بورن ماؤتھ پر حاوی ہوگئی، لیوٹن ٹاؤن کے تہیت چونگ نے میچ کے آغاز کے بعد نویں منٹ میں ایک گول کر کے اپنی ٹیم کو بورن ماؤتھ کے خلاف 0-1 گول کی برتری دلا دی جس کو بڑھاتے ہوئے چیڈوزی اوگبین نے 31 ویں منٹ میں ایک گول کر کے 0-2 کر دیا۔
بورن ماؤتھ کی ٹیم گول کرنے کی کوشش کرتی رہی تاہم وہ کامیاب نہ ہوسکی، لیوٹن ٹاؤن کے راس بارکلی نے 45ویں منٹ میں ایک گول کر کے مقابلہ 0-3 کر دیاجو میچ کے پہلے ہاف تک برقرار رہا۔
یوں میچ کے پہلے ہاف پر لیوٹن ٹاؤن کو بورن ماؤتھ کے خلاف 0-3 گول کی برتری حاصل تھی۔ دوسرے ہاف کے شروع ہونے کے بعد بورن ماؤتھ کی ٹیم قدرے بہتر کھیل پیش کرتے ہوئے لیوٹن ٹاؤن پر سبقت حاصل کرنا شروع ہوگئی۔
بورن ماؤتھ کے ڈومینک سولانکے نے 50 ویں منٹ پر ایک گول کر کے مقابلہ 1-3 کر دیا،الیا زبرنی نے 62 ویں منٹ میں ایک گول کر کے مقابلہ 2-3 کر دیا ، بورن ماؤتھ کے انٹونی سیمینیو نے ٹھیک دو منٹ بعد ایک گول کر کے مقابلہ 3-3 گول سے برابر کر دیا۔
جس کے بعد بورن ماؤتھ کے ہی انٹونی سیمینیو نے ایک اور اپنا دوسرا گول کرتے ہوئے اپنی ٹیم کو لیوٹن ٹاؤن کے خلاف برتری دلادی اور مقابلہ 3-4 گول کر دیا، جو میچ کے اختتام تک برقرار رہا۔ یوں بورن ماؤتھ نے سخت مقابلے کے بعد لیوٹن ٹاؤن کو 3-4 گول سے ہرا دیا۔
یہ بورن ماؤتھ کی لیگ میں نویں فتح ہے اور وہ ای پی ایل پوائنٹس ٹیبل پر 35 پوائنٹس کے ساتھ 13 ویں پوزیشن پر موجود ہے۔