اسلام آباد: (دنیا نیوز) سعودی عرب کے خلاف جون میں فیفا ورلڈ کپ کوالیفائر راؤنڈ 2 کے ہوم میچ کے لیے پاکستان فٹبال ٹیم کا تربیتی کیمپ اسلام آباد میں شروع ہو گیا ہے۔
پاکستان فٹبال فیڈریشن کے مطابق پاکستان فٹ بال ٹیم کے ہیڈ کوچ سٹیفن کانسٹنٹائن سعودی عرب کے خلاف مقابلے کے لیے مہارت اور حکمت عملی کو بہتر بنانے پر توجہ مرکوز کر رہے ہیں۔
گول کیپنگ کوچز راموس اور نعمان ابراہیم اور فٹنس کوچ کلاڈیو الٹیری اہم میچ کی تیاری کے لیے ٹیم کی بہترین کارکردگی کو یقینی بنانے کی کوشش کر رہے ہیں۔
پاکستان کے ابتدائی سکواڈ میں گول کیپر حسن علی اور تنویر، ڈیفنڈر حسیب خان، مامون موسیٰ خان، حذیفہ، وقار احتشام، عبدالرحمن، عمر حیات، محمد عدیل، محمد صدام اور زین العابدین، مڈفیلڈر یاسر عرفات، عالمگیر غازی، علی عزیر، رجب علی، معین علی، جنید احمد اور فہیم، فارورڈ عدیل یونس، شائق دوست، علی ظفر اور فرید اللہ شامل ہیں۔
خیال رہے کہ فیفا کوالیفائر راؤنڈ 2 کے گروپ جی میں سعودی عرب، تاجکستان، اردن اور پاکستان شامل ہیں۔
اس سے قبل پاکستان کو اس راؤنڈ کے چاروں میچوں میں شکست کا سامنا رہا ہے، پاکستان کو اردن کے خلاف دونوں میچز، سعودی عرب کے خلاف اوے میچ اور تاجکستان کے خلاف ہوم میچ میں شکست کا سامنا ہوا تھا۔