فرانس : (ویب ڈیسک ) پیرس اولمپکس کے چھٹے روز چین نے مزید دو طلائی تمغے اپنے نام کرلیے جس کے بعد چین 11 سونے کے تمغوں کے ساتھ پہلی پوزیشن پر براجمان ہے ۔
پیرس اولمپکس گیمز میں چینی خاتون ٹینس اسٹارژینگ کنوین نے جمعرات کو اولمپکس میں نئی تاریخ بناتے ہوئے فائنل میں رسائی حاصل کرلی، اسی طرح سوئمنگ کے مینز سو میٹر فری سٹائل فائنل میں چین کے پین زینلے نے نئے عالمی ریکارڈ کے ساتھ طلائی تمغہ حاصل کیا۔
پیرس اولمپکس میڈلز ٹیبل پر فرانس اور جاپان 8-8 طلائی تمغوں کے ساتھ دوسرے اور تیسرے نمبر پر ہیں۔
آسٹریلیا 7 اور امریکا 6 گولڈ میڈلز کے ساتھ چوتھے اور پانچویں نمبر پر موجود ہیں۔
چھٹے روز امریکی ایتھلیٹس کی کارکردگی بھی شاندار رہی جنہوں نے مختلف کھیلوں میں مزید 4 گولڈ میڈل جیت لیے۔
ایکواڈور مردوں کی 20 کلومیٹر واک کے ذریعے گیمز میں اپنا پہلا میڈل جیتنے میں کامیاب رہا۔
واضح رہے کہ پیرس اس سال 26 جولائی سے 11 اگست تک سمر اولمپکس کی میزبانی کر رہا ہے، اس دوران 32 مختلف کھیلوں کے 329 ایونٹس منعقد ہوں گے۔