فرانس : (ویب ڈیسک ) پیرس اولمپکس کے چوتھے روز بھی جاپان کی برتری برقرار رہی، دو روز کے بعد امریکی ٹیم پہلا گولڈ میڈل حاصل کرنے میں کامیاب ہوئی جبکہ تین نئے اولمپک ریکارڈ بھی بن گئے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق پیرس اولمپک کے چوتھے روز کا پہلا گولڈ میڈل شوٹنگ میں سربیا کے نام رہا جو اُس کا پہلا تمغہ بھی تھا، ٹین میٹر ایئرپسٹل مکسڈ ٹیم ایونٹ میں سربیا نے ترکیے کو 16، 14 کے سکور سے ہرایا، اسی ایونٹ میں بھارت نے کانسی کا تمغہ حاصل کیا۔
شوٹنگ کے ہی مینز ٹریپ ایونٹ میں برطانیہ کے نیتھن ہیلز نے نئے اولمپک ریکارڈ کے ساتھ سونے کا تمغہ جیت لیا، اُنہوں نے 48 پوائنٹس سکور کیے جبکہ سابقہ ریکارڈ چیک ری پبلک کے شوٹر کے پاس تھا جنہوں نے ٹوکیو اولمپک میں 43 پوائنٹس بنائے تھے، چین نے چاندی اور گوئٹے مالا نے کانسی کا تمغہ جیتا۔
ٹیبل ٹینس کے مکسڈ ڈبلز میں چین نے شمالی کوریا کو چار دو کے سکور سے ہرایا، جنوبی کوریا نے کانسی کا تمغہ اپنے نام کیا، جوڈو میں مینز کی 81 کلو گرام کیٹیگری میں جاپان کے ناگاسی تاکا نوری نے سونے کا تمغہ جیتا،جارجیا نے چاندی اور تاجکستان نے کانسی کا تمغہ حاصل کیا۔
جوڈو کی وویمن 63 کلو گرام کیٹیگری میں سلوینیا کی آندریا لسکی نے گولڈ میڈل اپنے نام کیا، ان مقابلوں میں چاندی کا تمغہ میکسیکو اور کانسی کا تمغہ کوسوو نے جیتا۔
امریکا گیمز میں دو دن کے مقابلوں کے بعد پہلا گولڈ میڈل جیتنے میں کامیاب رہا، سونے کا یہ تمغہ امریکا نے وویمن آرٹسٹک جمناسٹک میں حاصل کیا، اس ایونٹ میں اٹلی نے سلور اور برازیل نے برانز میڈل جیتا۔
وویمن رگبی سیونز میں نیوزی لینڈ نے سونے کا تمغہ جیتا، فائنل میں نیوزی لینڈ نے کینیڈا کو 12 کے مقابلے میں 19 پوائنٹس سے ہرایا، ویمن رگبی سیونز میں کانسی کا تمغہ امریکا کے نام رہا۔
سوئمنگ کے ویمن سو میٹر بیک سٹروک میں آسٹریلوی پیراک کیلی میکیون نے نیا اولمپک ریکارڈ قائم کرتے ہوئے سونے کاتمغہ جیتا، اُنہوں نے ٹوکیو اولمپک میں اپنا ہی بنایا ہوا ریکارڈ توڑا، اسی ایونٹ میں چاندی اور کانسی کے تمغے امریکی پیراکوں نے جیتے۔
آئرلینڈ نے سوئمنگ کے مینز آٹھ سو میٹر فری اسٹائل میں سونے کا تمغہ حاصل کیا، ڈینیئل ویفن نے اولمپک ریکارڈ کے ساتھ گولڈ میڈل اپنے نام کیا، وہ پہلے آئرش پیراک بھی ہیں جنہوں نے اولمپک میں سونے کا تمغہ جیتا ہے۔ اسی ایونٹ میں امریکا نے چاندی اور اٹلی نے کانسی کا تمغہ حاصل کیا۔
چوتھے روز اٹلی نے فینسنگ کے ویمن ایپی ایونٹ میں سونے کا تمغہ جیتا، فائنل میں اٹلی نے فرانس کو تیس، اُنتیس کے سکور سے ہرادیا۔