اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے سکواش کے عالمی چیمپئن جان شیر خان کے علاج معالجہ کے حوالے سے متعلقہ حکام کو اقدامات کی ہدایت کردی۔
وزیراعظم شہباز شریف سےسکواش کے مایہ ناز کھلاڑی اور عالمی چیمپئن جان شیر خان نے ملاقات کی ، وزیراعظم نے جان شیر خان کو زبردست خراج تحسین پیش کیا۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ملک میں سکواش کے کھیل کو مقبول بنانے اور اس کھیل کے فروغ کیلئے آپ کی خدمات قابل قدر ہیں، آپ نے اپنے کھیل کے ذریعے پاکستان کا نام پوری دنیا میں روشن کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ پوری قوم کو آپ کی کامیابیوں پر فخر ہے، حکومت ملک میں سکواش سمیت تمام کھیلوں کے فروغ کیلئے خاطر خواہ اقدامات کر رہی ہے، نوجوانوں کو کھیلوں کے میدان اور سپورٹس کی بہترین سہولیات کی فراہمی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔