کوئٹہ: (ویب ڈیسک) فُٹبال کا کھیل پاکستان کے بہت سے علاقوں میں نوجوانوں میں تیزی سے مقبول ہو رہا ہے اور کوئٹہ بھی اس سے مستثنیٰ نہیں ہے۔
فٹبال کے کھیل میں دلچسپی رکھنے والے نوجوانوں میں سے ایک 19 سالہ علی رضا ہے جو اس کھیل میں نام کمانے کیلئے پُرعزم ہے،حال ہی میں علی رضا کو دبئی کے ایک فٹبال کلب میں شامل ہونے کے لیے ملک بھر کے 200 کھلاڑیوں میں سے منتخب کیا گیا تھا، اسی سلسلے میں علی رضا آج پاکستان سے دبئی پہنچیں گے۔
علی اپنے آئیڈیل، عالمی فٹبال سٹار لیونل میسی کی طرح ایف سی بارسلونا کے لیے کھیلنے کی خواہش رکھتے ہیں، ٹی ایف اے کلب کی جانب سے علی کا انتخاب اس کے خوابوں کو حقیقت میں بدلنے کی طرف پہلا قدم ہے۔
کوئٹہ کے علی رضا کو فٹبال کا شوق ان کے والد ظاہر آغا سے ملا جو فٹبال کے کھلاڑی بھی تھے،علی کے والد کا خواب ہے کہ وہ اپنے بیٹے کو بین الاقوامی سطح پر ملک کے لیے فخر کا باعث بنتے ہوئے دیکھیں۔
ٹی ایف اے کلب پاکستان میں فٹبال کے منظر نامے کو تبدیل کرنے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے، یہ کلب سکاؤٹ، ٹریننگ اور مقامی ٹیلنٹ کو بین الاقوامی معیار تک پہنچانے کے ویژن کے ساتھ کام کرتا ہے۔
پاکستان سمیت مختلف ممالک میں ٹیلنٹ ہنٹ پروگرامز کی میزبانی کرکے ٹی ایف اے اس بات کو یقینی بناتا ہے کہ ہونہار کھلاڑیوں کو اعلیٰ سطحوں پر مقابلہ کرنے کے لیے ضروری نمائش اور تربیت حاصل ہو۔
ٹی ایف اے کلب کا یہ قدم اس بات کو یقینی بناتا ہے کہ علی رضا جیسے کھلاڑیوں کی نہ صرف شناخت کی جائے بلکہ انہیں عالمی معیار کے کھلاڑی بھی بنایا جائے، علی کا سفر لاتعداد نوجوان فٹبالرز کو بڑے خواب دیکھنے کی ترغیب دیتا ہے۔