لاہور: (ویب ڈیسک) ڈیوس کپ ورلڈ گروپ ٹو کے پہلے راؤنڈ میں پاکستان اور بارباڈوس کے درمیان ٹائی کا پہلا دن ایک ایک سے برابر رہا۔
بارباڈوس میں بریج ٹاؤن کے نیشنل ٹینس سینٹر میں کھیلے گئے پہلے سنگلز میں بارباڈوس کے ڈاریان کنگ نے پاکستان کے محمد شعیب کو سٹریٹ سیٹس میں شکست دے کر میزبان ٹیم کو برتری دلائی۔
ڈاریان کنگ نے سخت حریف ثابت ہوتے ہوئے 3-6 اور 0-6 سے کامیابی حاصل کی۔
دوسرے سنگلز میں پاکستان کے مایہ ناز کھلاڑی عقیل خان نے زبردست کم بیک کرتے ہوئے ٹائی برابر کر دی۔
عقیل کو پہلے سیٹ میں بارباڈوس کے کائپو مارشل کے ہاتھوں 4-6 سے شکست ہوئی لیکن اگلے دو سیٹس میں انہوں نے شاندار واپسی کرتے ہوئے 1-6 اور 4-6 سے فتح سمیٹی۔
آج اتوار کے روز ٹائی کے اہم ڈبلز میچ میں پاکستان کی سب سے تجربہ کار جوڑی، عقیل خان اور اعصام الحق قریشی ان ایکشن ہوں گے،اس کے بعد محمد شعیب اور عقیل خان ریورس سنگلز کیلئے کورٹس میں اتریں گے جو اس ٹائی کا فیصلہ کریں گے۔
واضح رہے کہ یہ پہلی مرتبہ ہے کہ پاکستان اور بارباڈوس کے درمیان ڈیوس کپ ٹائی ہو رہی ہے جس میں دونوں ٹیمیں ورلڈ گروپ ٹو کے پلے آف میں جگہ بنانے کیلئے پرعزم دکھائی دیتی ہیں۔