لاہور:(دنیا نیوز) پاکستان فٹبال فیڈریشن کے صوبائی و علاقائی انتخابات 19 اور 20 ستمبر کو ہوں گے۔
پی ایف ایف کے ترجمان کے مطابق تاریخوں میں تبدیلی 12 ربیع الاول کے پیش نظر کی گئی ہے، الیکشن میں پنجاب، سندھ، بلوچستان، خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان، آزاد جموں کشمیر اور اسلام آباد سے جیتنے والے ڈسٹرکٹ فٹبال ایسوسی ایشن کے امیدوار شرکت کریں گے ۔
اسی طرح اسلام آباد، سندھ، خیبرپختونخوا اور آزاد جموں کشمیر کے انتخابات 19 ستمبر جبکہ پنجاب، بلوچستان اور گلگت بلتستان میں 20 ستمبر کو شیڈول ہیں۔
ترجمان نے مزید کہا کہ انتخابی عمل کا آغاز 28 اگست کو ابتدائی ووٹنگ لسٹ کی اشاعت کے ساتھ ہو گیا تھا، امیدواروں نے اپنے کاغذات نامزدگی 30 اگست تک جمع کرائے، ابتدائی فہرست 3 ستمبر 2024 کو منظر عام پر لائی گئی جبکہ اپیلوں کیلئے ونڈو 8 ستمبر 2024 تک کھلی رہی جس میں امیدواروں سے متعلق تحفظات پیش کرنے کا موقع فراہم کیا گیا۔
خیال رہے امیدواروں کی حتمی فہرست 16 ستمبر 2024 کو جاری کی جائے گی۔