آصف زرداری کی 9 ویں ایشیائی سرمائی کھیلوں کی افتتاحی تقریب میں شرکت

Published On 07 February,2025 11:37 pm

ہاربن: (دنیا نیوز) صدرِ پاکستان آصف علی زرداری نے 9 ویں ایشیائی سرمائی کھیلوں کی افتتاحی تقریب میں شرکت کی۔

صدر آصف علی زرداری چینی صدر شی جن پنگ اور دیگر سربراہان کے ساتھ تقریب میں شریک ہوئے، تقریب میں صدر پاکستان سمیت برونائی دارالسلام کے سلطان، کرغزستان کے صدر، تھائی لینڈ کے وزیرِ اعظم سمیت اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

ونٹر گیمز 7 سے 14 فروری 2025 تک ہاربن میں منعقد ہو رہی ہیں، ایشین ونٹر گیمز میں 34 ممالک کے 1200 سے زائد کھلاڑی حصہ لے رہے ہیں، 9 ویں ایشین گیمز میں پاکستانی ونٹر ایتھلیٹس بھی شرکت کر رہے ہیں۔

صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا کہ ایشین ونٹر گیمز سے خطے کے ممالک کے مابین عوامی سطح پر روابط کو فروغ حاصل ہوگا، گیمز سے پاکستان اور چین کے درمیان سپورٹس ڈپلومیسی کو بھی فروغ ملے گا۔

آصف علی زرداری کی تقریب میں شرکت سے دونوں ممالک کے تعلقات کو مزید استحکام ملے گا، گیمز پاکستان میں سرمائی کھیلوں کے فروغ کے لیے اہم موقع بھی فراہم کریں گی۔

صدر مملکت آصف علی زرداری نے چینی حکومت اور گیمز میں شریک تمام کھلاڑیوں کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔