تہران: (ویب ڈیسک) ایران نے اگلے سال ہونے والے مینز فیفا ورلڈ کپ کیلئے کوالیفائی کر لیا۔
فٹبال ورلڈ کپ اگلے برس امریکا، کینیڈا اور میکسیکو میں ہوگا جس میں 48 ٹیمیں شرکت کریں گی، ان دنوں مختلف براعظموں میں میگا ایونٹ کیلئے کوالیفائنگ راؤنڈ جاری ہیں۔
ایران نے تہران کے آزادی سٹیڈیم میں ورلڈکپ کوالیفائرز ایشیا کے گروپ اے کے میچ میں ازبکستان کے خلاف مقابلہ 2-2 سے برابر کر کے فٹبال ورلڈ کپ 2026 کے لیے اپنی جگہ پکی کر لی۔
اگلے سال ہونے والے میگا ایونٹ میں کوالیفائی کرنے کیلئے ایران کو ازبکستان کے خلاف صرف میچ ڈرا کرنے کی ضرورت تھی۔
کوالیفائر میچ میں ایک موقع پر ازبکستان کو 82 ویں منٹ تک دو، ایک کی برتری حاصل تھی لیکن 83 ویں منٹ میں مہدی تریمی نے شاندار گول کر کے ایران کو خسارے سے نکالا۔
میچ کے پہلے ہاف میں ازبکستان نے 16 ویں منٹ میں کوجیمات کے گول کی بدولت برتری حاصل کی، دوسرے ہاف میں اسے ایران کی جانب سے مہدی تریمی نے برابر کیا جبکہ اگلے ہی منٹ میں ابوسبیک نے ازبکستان کی جانب سے گول کر کے پھر ٹیم کو برتری دلائی۔
83ویں منٹ میں مہدی تریمی نے ایران کیلئے ایک اور گول کردیا، مقررہ وقت میں مقابلہ 2-2 گول سے برابر رہا جس کی بدولت ایران کی ٹیم ایک پوائنٹ حاصل کر کے فٹ بال ورلڈ کپ کیلئے کوالیفائی کرنے میں کامیاب ہو گئی۔
ایران نے مسلسل چوتھی اور مجموعی طور پر ساتویں بار فیفا ورلڈ کپ کیلئے کوالیفائی کیا ہے۔
واضح رہے کہ کوالیفائنگ کے تیسرے راؤنڈ میں 18 ٹیموں کو 3 گروپ میں تقسیم کیا گیا ہے جس میں ہر گروپ کی 2 ٹاپ ٹیمیں فٹ بال ورلڈ کپ کیلئے کوالیفائی کریں گی۔
اس سے قبل جاپان اور نیوزی لینڈ فیفا ورلڈکپ کیلئے کوالیفائی کرچکے ہیں جبکہ ورلڈکپ کے میزبان امریکا، کینیڈ اور میکسیکو کی پہلے ہی جگہ پکی تھی۔