ریسلنگ کی دنیا کے بے تاج بادشاہ ’جان سینا‘ نے نیا عالمی ریکارڈ بنا ڈالا

Published On 21 April,2025 05:21 pm

لاس ویگاس: (ویب ڈیسک) دنیا بھر میں مقبول ریسلر اور اداکار جان سینا نے ڈبلیو ڈبلیو ای کا ایک ایسا ریکارڈ اپنے نام کرلیا ہے جو اب تک کوئی اور ریسلر نہیں حاصل کرسکا۔

انہوں نے ریسل مینیا 41 کی دوسری رات کے مین ایونٹ میں تاریخ رقم کرتے ہوئے کوڈی روڈز کو شکست دی اور ریکارڈ 17 ویں بار ڈبلیو ڈبلیو ای چیمپئن بن گئے، یہ پہلی بار ہے جب ڈبلیو ڈبلیو ای میں کوئی ریسلر 17 ویں بار چیمپئن بنا۔

اس سے قبل رک فلیئر اور جان سینا مشترکہ طور پر سب سے زیادہ 16 بار چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کرچکے تھے، جان سینا نے ڈبلیو ڈبلیو ای کی تاریخ کے سب سے طویل عرصے تک فیس یا ہیرو جیسی شخصیت رہنے کے بعد ہیل (heel) بن کر نیا عالمی ریکارڈ قائم کیا تھا۔

جان سینا 2 دہائیوں سے زائد عرصے تک ڈبلیو ڈبلیو ای میں ایک مثبت سوچ یا رویے کا مظاہرہ کرنے والے ریسلر کے طورپر سرگرم رہے، مگر ایلیمینیشن چیمبر میچ کے بعد انہوں نے اچانک روڈی کوڈز پر حملہ کیا اور دی راک کے ساتھی بن کر خود کو ڈرامائی انداز سے تبدیل کرلیا۔