سحرش نے یو ایس اے جونیئر ویمن گولڈ سکواش چیمپئن شپ جیت لی

Published On 12 May,2025 02:38 pm

نیویارک: (ویب ڈیسک) پشاور سے تعلق رکھنے والی سحرش علی نے اپنی بہن ماہ نور علی کو شکست دے کر یو ایس اے جونیئر ویمن گولڈ سکواش چیمپین شپ جیت لی، سحرش علی نے گولڈ اور ماہ نور علی نے سلور میڈل حاصل کیا۔

نیویارک میں چیمپین شپ کے گرلز انڈر15 ایونٹ کا فائنل علی سسٹرز کے درمیان کھیلا گیا، ٹائٹل کیلئے ہونے والے مقابلے میں حیران کن طور پر سحرش علی نے ٹاپ سیڈ ماہ نور علی کو 0-3 سے ہرا دیا۔

اس سے پہلے سیمی فائنل میں ماہ نور علی نے امریکہ کی ہیلسز سوئیٹ ایم کو بآسانی 0-3 سے مات دی جبکہ سحرش علی نے جولی کو 1-3 سے ہرایا تھا۔

یاد رہے کہ انٹرنیشنل ویمن سکواش میں فتوحات کے جھنڈے گاڑنے والی علی سسٹرز نے میلبورن میں ہونے والی آسٹریلین جونیئر ویمن اسکواش چیمپین شپ میں پاکستان کا نام روشن کرتے ہوئے دنیا کو حیران کر دیا تھا۔

ماہ نور علی نے جونیئر انڈر 13 ایونٹ جیت کر گولڈ میڈل اپنے نام کیا تھا جبکہ سحرش علی نے انڈر 15 کا فائنل کھیل کر سلور میڈل پایا تھا، علی سسٹرز کی سب سے بڑی بہن مہوش علی انڈر 17 ٹائٹل جیت کر گولڈ میڈل حاصل کرنے میں کامیاب رہی تھیں۔