سٹریٹ چائلڈ فٹ بال ٹیم قومی سفیر اور پوری قوم کا فخر ہے: رانا مشہود خاں

Published On 25 July,2025 01:14 am

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خاں نے کہا کہ سٹریٹ چائلڈ فٹ بال ٹیم قومی ہیروز ہیں، ٹیم جلد ناروے کپ اور یو کے ٹورز میں پاکستان کی نمائندگی کرے گی ۔

چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خاں نے پاکستان سٹریٹ چائلڈ فٹ بال ٹیم سے ملاقات کے دوران کہا کہ یہ بچے ہمارے قومی سفیر ہیں اور پوری قوم کو ان پر فخر ہے، یہ بچے ناصرف ہمارے عزم اور حوصلے کی علامت ہیں۔

رانا مشہود کا کہنا تھا کہ یہ فٹ بال کے کھلاڑی نہیں بلکہ پاکستان کے روشن مستقبل کی علامت ہیں، یہ لمحہ بچوں کے لئے تاریخی ہے، ہم ان بچوں کی حوصلہ افزائی کرکے ایک باوقار اور مضبوط پاکستان کی بنیاد رکھ رہے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ سٹریٹ چائلڈ فٹ بال ٹیم کی کامیابی ہر پاکستانی نوجوان کے لئے ایک امید کی کرن ہے، وزیراعظم یوتھ پروگرام ایسے باصلاحیت نوجوانوں کو عالمی مواقع فراہم کرنے کے لئے پرعزم ہے، ڈیجیٹل یوتھ ہب اور کھیلوں کے مواقع نوجوانوں کے خوابوں کو حقیقت میں بدل رہے ہیں۔

چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام نے کہا کہ یہ بچے ثابت کر رہے ہیں کہ اگر حوصلہ ہو تو سڑکوں سے نکل کر دنیا کے میدانوں میں جگہ بنائی جا سکتی ہے۔