پشاور: (دنیا نیوز) پشاور میں خیبر پولو فیسٹیول 2026 کا پہلا ایڈیشن تمام تر رعنائیوں کے ساتھ اختتام پذیر ہو گیا۔
فیسٹیول کا فائنل میچ پولو کے روایتی حریفوں چترال اور گلگت بلتستان کی ٹیموں کے درمیان کھیلا گیا، سنسنی خیز مقابلے میں گلگت بلتستان کی ٹیم نے عمدہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے چترال کو شکست دے کر فتح اپنے نام کر لی، فائنل میچ کے مہمانِ خصوصی کور کمانڈر پشاور تھے، اس موقع پر خیبر پختونخوا اور گلگت بلتستان کے مختلف علاقوں سے ہزاروں کی تعداد میں شائقین نے شرکت کی۔
پولو فیسٹیول کے دوران ثقافتی رنگ نمایاں رہے جہاں چترالی ڈانس، روایتی لوک رقص اور میوزیکل پرفارمنس نے حاضرین کو خوب محظوظ کیا، نیزہ بازی کے روایتی کھیل کا شاندار مظاہرہ بھی پیش کیا گیا، حسبِ روایت پاک آرمی کے ایس ایس جی جوانوں نے فری فال جمپس کا مظاہرہ کیا جبکہ خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں کے روایتی رقص بھی پیش کیے گئے جنہیں شرکاء نے بے حد سراہا۔
مزید برآں کور کمانڈر پشاور نے فیسٹیول کے کامیاب انعقاد کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایسی سرگرمیاں قومی ثقافت کے فروغ، نوجوانوں کی مثبت مصروفیات اور علاقائی ہم آہنگی کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔



