اسپغول کا رنگ سرخی مائل سفید اور سیاہ ہوتا ہے یہ بے ذائقہ اور لعاب دار ہوتا ہے اس کا مزاج سرد اور تر ہوتا ہے۔
لاہور: (روزنامہ دنیا) اسپغول سے تقریباً ہر شخص واقف ہے۔ بڑی مشہور عام دوا ہے۔ اسپغول ایک بیج ہے جس کا پودا ایک گز کے قریب ہوتا ہے اس کی ٹہنیاں باریک ہوتی ہیں اور پتے لمبے یعنی جامن کے پتوں سے تقریباً مشابہ ہوتے ہیں۔ اس کا رنگ سرخی مائل سفید اور سیاہ ہوتا ہے یہ بے ذائقہ اور لعاب دار ہوتا ہے اس کا مزاج سرد اور تر ہوتا ہے۔ اس کی مقدار خوراک تین ماشہ سے ایک تولہ ہوتی ہے۔ اسپغول کے چھلکے کو سبوس اسپغول کہتے ہیں۔
اسپغول کے فوائد:
گرمی اور پیاس کو تسکین دیتا ہے۔ گرمی کے بخار اور خون کے جوش کو تسکین دے کر طبیعت کو نرم کرتا ہے۔ سینہ‘ زبان‘ حلق کے کھرکھراپن اور صفراوی و دموی بیماریوں کے لیے مفید ہے۔ آنتوں کے زخموں اور مروڑ ہونے کی حالت میں بے حد مفید ہے۔ اس کے لیے اسے شربت صندل میں ایک چمچہ ڈال کر پلانا مفید ہوتا ہے۔ قبض کشا ہے۔ آنتوں میں پھسلن پیدا کرتا ہے رات سوتے وقت ایک گلاس دودھ میں ایک تولہ اسپغول کا چھلکا ملا کر تین چار منٹ کے بعد استعمال کرنے سے کھل کر اجابت ہوتی ہے۔ یہ دائمی قبض میں بھی بے حد مفید ہے۔
سردرد کی صورت میں اسپغول سرکہ میں رگڑ کر چنبیلی کا تیل ملا کر پیشانی پر لیپ کرنے سے فائدہ ہوتا ہے۔ اگر چنبیلی کے روغن کی بجائے بادام روغن ملا کر پیا جائے تو سردرد کو فائدہ ہوتا ہے۔ دماغی طاقت بڑھاتا ہے۔ دماغی کام کرنے والوں کے لیے ضروری ہے کہ رات سوتے وقت پانچ دانے گری بادام چبا کر کھائیں اور بعد میں ایک تولہ اسپغول ملا دودھ پئیں۔ یہ مقوی دماغ نسخہ ہے۔ نسیان کے امراض میں اسپغول کا ایک بڑا چمچہ ہمراہ شربت صندل صبح نہارمنہ پینا بے حد مفید ہے۔ رات کو سوتے وقت پانچ دانہ گری بادام سونف ایک تولہ اور کوزہ مصری حسب ضرورت ہمراہ دودھ استعمال کریں۔
منہ کے دانوں میں اسپغول کا استعمال بے حد مفید ہے ایسی صورت میں دہی میں ایک یا دو چمچے استعمال کئے جائیں۔ ورموں کو تحلیل کرنے کے لیے اسپغول کو سرکہ میں رگڑ کر متاثرہ جگہ پر لیپ کرنا بے حد مفید ہے۔ پیچش میں اسپغول ایک تولہ پانی میں ملا کر لینے سے فائدہ ہوتا ہے۔ معدے کی بیماریوں خاص طور پر السر میں بے حد مفید ہے۔ بالوں کو نرم کرنے اور بڑھانے کے لیے عرق گلاب میں رگڑ کر بالوں پر لیپ کرنے اور دو گھنٹے بعد دھونے سے فائدہ ہوتا ہے یہ علاج موسم گرما کے لیے ہے۔ خشک کھانسی اور دمہ کے لیے روزانہ ایک تولہ اسپغول دودھ یا پانی کے ساتھ چالیس روز تک استعمال کریں۔ اسپغول کا جوشاندہ بطور مسکن وملین مشروب سوزش معدہ فم معدہ اور سینے کی جلن میں مفید ہے۔
(یہ تحریر روزنامہ دنیا میں شائع ہوئی)