جرمنی: (ویب ڈیسک) انسان کے مدافعتی نظام کو کمزور کرنے والے ایچ آئی وی وائرس کو ٹیسٹ کرنے کے لیے خود تشخیصی کِٹ تیار، جلد ہی مارکیٹ میں دستیاب ہوگی۔
جرمنی کے خبر رساں ادارے نے جرمن وزارت صحت کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ جان لیوا مرض ایڈز کی تشخیص کے لیے جدید کٹ تیار کر لی گئی ہے، اس کٹ کی مدد سے ہر کوئی آسانی سے ایچ ائی وی وائرس کی خود تشخیص کر سکے گا۔ وزیر صحت نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ایچ آئی وی کی یہ خود تشخیصی کِٹ ایڈز کے خلاف جنگ میں ایک اہم سنگ میل ہے۔ یہ کٹ ان افراد کو آسانی سے دستیاب ہوگی جو نہیں چاہتے کہ کوئی دوسرا ان میں اس بیماری کی تشخیص کرے۔
امید کی جا رہی ہے کہ ایچ آئی وی وائرس کی یہ خود تشخیصی کٹ اسی برس کے آخر تک فروخت کے لیے پیش کر دی جائے گی۔