ڈاکٹر رتھ فاؤ کے اعزاز میں یادگاری سکے کی نقاب کشائی

Last Updated On 08 May,2018 07:59 pm

کراچی: (دنیا نیوز) بینک دولت پاکستان کے گورنر جناب طارق باجوہ نے پاکستان میں متعین جرمن سفیر جناب مارٹن کوبلر کے ہمراہ ڈاکٹر کیتھرینا مارتھا فاؤ کی شاندار خدمات کے اعتراف میں 50 روپے کے یادگاری سکے کی نقاب کشائی کی۔

یہ تقریب سٹیٹ بینک ہیڈ کوارٹرز کراچی میں منعقد ہوئی۔ سٹیٹ بینک نے وفاقی حکومت کی منظوری سے ایک یادگاری سکہ جاری کیا ہے جو 9 مئی 2018ء سے ایس بی پی بینکنگ سروسز کارپوریشن کے تمام دفاتر سے عوام کو دستیاب ہو گا۔

ڈاکٹر رتھ فاؤ پاکستان میں خلوص، وابستگی اور خدمت کی علامت تھیں۔ ان کی انتھک کوششوں کے نتیجے میں پاکستان میں جذام کے مرض پر قابو پایا گیا اور پاکستان ایشیا میں یہ حیثیت رکھنے والا پہلا ملک بن گیا۔

پاکستان کے عوام اور ریاست نے معاشرے کے لیے ڈاکٹر فاؤ کی خدمات کا بھرپور اعتراف ان کی زندگی میں ہی کیا۔ انہیں ہلالِ امتیاز، نشانِ قائدِاعظم اور ہلالِ پاکستان کے اعزازات سے نوازا گیا۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے گورنر سٹیٹ بینک جناب طارق باجوہ نے کہا کہ ڈاکٹر رتھ فاؤ نے اپنی زندگی پاکستان میں جذامیوں کی حالت کو بہتر بنانے کے لیے وقف کر دی۔ ڈاکٹر رتھ فاؤ کی کوششوں سے پاکستان خطے میں اس بیماری پر قابو پانے والا پہلا ملک بن گیا۔

ان کا کہنا تھا کہ ملک کے لیے ان کی غیر معمولی خدمات کا بدلہ ایوارڈز اور الفاظ سے نہیں چکایا جا سکتا۔ یادگاری سکے کا اجرا ایک منفرد اقدام ہے جو ماضی میں صرف قائدِاعظم، علامہ محمد اقبال، فاطمہ جناح اور عبدالستار ایدھی جیسے عظیم لوگوں کے اعزاز میں کیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستانی مدرٹریسا ڈاکٹر رتھ فاؤ 88 سال کی عمر میں انتقال کر گئیں

جرمن سفیر جناب مارٹن کوبلر نے اپنے خطاب میں ملک کے لیے ڈاکٹر فاؤ کی خدمات کا اعتراف کرنے پر سٹیٹ بینک اور حکومتِ پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر فاؤ جرمنی کی حقیقی سفیر اور دونوں ملکوں کے درمیان رابطے کا حقیقی ذریعہ تھیں۔


 

Advertisement