ننھے بچوں کی افزائش کے مراحل

Last Updated On 19 June,2018 10:23 am

لاہور: (روزنامہ دنیا) کچھ بچوں کے وزن میں اضافہ نہ ہوتے دیکھ کر والدین پریشان ہو جاتے ہیں۔ ماہرین نے عمر، قد اور وزن کے چارٹس ترتیب دیے ہیں۔ ان سے موازنہ کر کے پتہ چلا جا سکتا ہے کہ بچے کا وزن عمر کی مناسبت سے درست ہے یا نہیں۔ بچے کا وزن بیماری یا ناکافی خوراک کی وجہ سے کم ہوتا ہے۔ اگر اس کا وزن واقعی نہیں بڑھ رہا تو ڈاکٹر کو دکھانا بہت ضروری ہے۔

وزن کا معمول کے مطابق نہ بڑھنا صحیح خوراک کے ہضم نہ ہونے، اندرونی بیماری یا نفسیاتی وجہ سے ہو سکتا ہے۔ یہ آپ کا ڈاکٹر بچے کا معائنہ کر کے اور آپ سے گفتگو کر نے کے بعد بتا سکے گا کہ اصل وجہ کیا ہے۔ بچے کے ابتدائی وزن اور قد کا ہمیں علم ہونا ضروری ہے۔ اگر آپ کے پاس یہ نہیں ہیں تو تازہ پیمائش اور تین چار مہینے کے بعد پیمائش بھی اہم ہیں۔

اگر آپ اور آپ کے خاوند دونوں چھوٹے قد کے ہیں تو آپ کے بچے کا قد چھوٹا رہنے کا امکان ہے۔ اگر آپ دونوں کا قد اوسط یا لمبا ہے اور آپ کے بچے کا قد تقریباً پانچ سینٹی میٹر فی سال کے حساب سے نہیں بڑھ رہا تو مسئلے کو سمجھنے کے لیے بچے کے سر کے ایکس رے کیے جا سکتے ہیں۔ اس سے پتا چلتا ہے کہ اس کی ہڈیاں وقت کے حساب سے ٹھیک طرح بڑھ رہی ہیں یا نہیں۔ اگر آپ کے بچے کا قد بہت ہی چھوٹا ہے تو فوراً ماہر امراض اطفال سے رجوع کریں اور وجہ معلوم کریں۔

تحریر: ڈاکٹر ایل ایچ تان