فیصل آباد: (دنیا نیوز) فیصل آباد میں لائے جانے والے مویشیوں کی ویکسینیشن کیلئے شہر کے داخلی راستوں پر چیک پوسٹیں نہ بنائی جاسکیں، جس کے باعث کانگو وائرس سمیت خطرناک بیماریاں پھیلنے کے خدشات منڈلانے لگے۔
عید قربان کی مناسبت سے سرکاری سطح پر شہر کے دو مختلف مقامات پر مویشی منڈیاں تو سج گئیں مگر ان منڈیوں میں بنائے گئے ویٹنری ہسپتالوں میں ڈاکٹرز اور عملہ موجود نہیں ہے، جہاں مویشی منڈیوں میں لائے گئے مویشیوں کو ویکسینیٹ کیا جاسکا۔ جس سے بیشتر قیمتی مویشیوں کو چیچڑ، مکھیوں اور دیگر خطرناک کیڑوں نے اپنا شکار بنانا شروع کر دیا ہے۔ مناسب ویٹنری میڈیکل سہولیات نا ہونے کی وجہ سے کانگو وائرس جیسی خطرناک بیماری کے پھیلنے کے خدشات منڈلانے لگے ہیں۔
بیرون شہر سے فروخت کیلئے مویشی منڈیوں میں لائے جانے والے جانوروں کو ویکسینیٹ اور سپرے کرنے کیلئے شہر کے داخلی راستوں پر چیک پوسٹیں بھی نہیں بنائی گئیں۔ ڈپٹی کمشنر فیصل آباد نے حقائق کے برعکس دعویٰ کیا ہے کہ مویشی منڈیوں میں انتظامات مکمل ہیں اور بہتر سہولیات فراہم کی جارہی ہیں۔