لندن: (دنیا نیوز) برطانیہ میں ہونے والی نئی تحقیق میں سامنے آیا ہے کہ دوسری جنگ عظیم میں اتحادی افواج کی جانب سے برسائے گئے بموں کی وجہ سے کرۂ ہوائی کو بھی نقصان پہنچا۔
دوسری جنگ عظیم میں ہونے والی بمباری کرہ ہوائی کے لیے بھی نقصان دہ ثابت ہوئی۔ برطانیہ میں ہونے والی نئی تحقیق نے سائنسدانوں کو بھی حیران کر دیا۔ ماہرین کے مطابق ہر فضائی حملے سے 300 بار آسمانی بجلی گرنے کے برابر توانائی پیدا ہوئی۔ فضائی حملوں نے قصبوں کو تو راکھ اور ملبے کا ڈھیر بنایا تاہم تحقیق سےمعلوم ہوا ہے کہ بم گرنے سے پیدا ہونے والی شاک ویو برطانیہ کے اوپر ایک ہزار کلومیٹر تک محسوس کی گئیں۔ نئی تحقیق سے یہ معلوم کرنے میں مدد ملے گی کہ قدرتی فورسز جیسے آسمانی بجلی، آتش فشاں اور زلزلے کیسے کرۂ ہوائی کو متاثر کرتی ہیں۔