خواب سچ ہو گیا، اڑنے والی کار جلد فروخت کیلئے مارکیٹ میں‌ آ جائیگی

Last Updated On 28 September,2018 01:24 pm

واشنگٹن: (ویب ڈیسک) اب گھر سے دفتر یا کسی ضروری کام کیلئے جاتے ہوئے گاڑی کے رش میں پھنسنے سے لیٹ ہونے کے خدشہ ذہن سے نکال دیں، ایک یورپی کار ساز کمپنی نے ایسی گاڑی بنا لی ہے جو آپ کو اڑا کر بِنا رکاوٹ سیدھا مطلوبہ مقام پر پہنچا دے گی۔

کمپنی نے دو نشستوں والی اس کار کے آرڈرز لینا شروع کر دیئے ہیں اوراگلے برس پہلی کار خریدار کو فراہم کر دی جائے گی۔ ٹی ایف ایکس صرف ایک منٹ میں کار سے طیارہ بن جاتی ہے جس کی ذیادہ سے ذٰیادہ رفتار 160 کلومیٹر فی گھنٹہ اور یہ ایک وقت میں 640 کلومیٹر کا طویل ترین فاصلہ طے کرسکتی ہے۔

اس میں دوہرے کام والی (ہائبرڈ) الیکٹرک موٹر نصب ہے جس میں اگلے پچھلے کیمرے، ایمرجنسی پیراشوٹ نظام اور پرواز کے لیے قوت فراہم کرنے والا خاص نظام بھی موجود ہے۔ زمین پر دوڑتے ہوئے کار کے بازو فولڈ ہوجاتے ہیں اور فضا میں کھل کر اسے جہاز بناتے ہیں۔

1300 پاؤنڈ وزنی اس کار کے بارے میں دعویٰ کیاجارہا ہے کہ یہ ذیادہ سے ذیادہ 10 ہزار فٹ کی بلندی تک جاسکتی ہے۔ یہ ایئرپورٹ کے بغیر کسی بھی شاہراہ سے اڑان بھرسکتی ہے۔کمپنی کے سی ای او نے انکشاف کیا ہے ’طیارہ گاڑی‘ بنانے میں بہت سی نئی ٹیکنالوجی استعمال ہوئی ہیں جن کی تفصیلات نہیں دی گئی ہیں ۔ تاہم انہوں نے اتنا بتایا کہ کار اور طیارے کے دونوں ورژنز پر برسوں کئی اقسام کے ٹیسٹ کیے گئے ہیں۔