واشنگٹن: (روزنامہ دنیا) آپ نے سٹار ٹریک فلم میں مختلف امراض کی شناخت اور علاج کرنے والے چھوٹے دستی پلیٹ فارم دیکھے ہوں گے۔ اسی طرز پر سائنس دانوں نے ایک چھوٹا آلہ بنایا ہے جو خون اور دیگر مائعات کے نمونوں میں کینسر اور ہارٹ اٹیک کے بائیو مارکرز شناخت کرسکتا ہے۔
بائیو سینسر اور بائیو الیکٹرانکس جرنل میں شائع ہونے والی رپورٹ کے مطابق یونیورسٹی آف گلاسگو نے ہاتھوں میں سمانے والا ایک آلہ بنایا ہے جو کئی بیماریوں کی فوری شناخت میں مدد دے سکتا ہے۔ اسے ملٹی کورڈر کا نام دیا گیا ہے جس کے ذریعے ڈاکٹر کسی بھی جگہ سے مرض کی موجودگی اور بڑھنے کو نوٹ کرسکتے ہیں جن میں کینسر اور سرطان بھی شامل ہیں۔ اس آلے کی جان ایک چپ ہے جو کیمروں میں عام پائی جاتی ہیں لیکن انہیں ہر طرح کی تصویر کشی کے سینسر میں بدلا جاسکتا ہے۔
اس آلے میں ری ایکشن کے چار خانے ہیں۔ جو پیشاب اور خون وغیرہ میں بیماریوں کی خبر دینے والے اجزا کا پتا لگاتے ہیں جن سے ڈاکٹر فوری طور پر مرض کا اندازہ لگاسکتے ہیں۔ تحقیق سے وابستہ مرکزی سائنس داں سمدھن پٹیل نے کہا ہے کہ ان کا تیار کردہ آلہ ایک وقت میں کئی امراض کی شناخت کرسکتا ہے جبکہ یہ مرض میں اضافے اور اس کے درجے کو بھی بھانپ سکتا ہے۔