لاہور: (دنیا نیوز) سائنسدانوں کی جانب سے تیار کردہ آلہ کی بدولت چوٹ لگنے سے مفلوج ہونیوالے افراد کیلئے اب چلنا ممکن ہوگا۔
یہ ڈیوائس بنیادی طور پر درد پر قابو پانے کے لیے تیار کی گئی تھی، جس میں 16 الیکٹروڈز موجود ہیں جو ریڑھ کی ہڈی کے متاثرہ حصے کے بالکل نیچے نصب کی جاتی ہے، جہاں سے وہ ٹانگوں کو سگنل بھیجتی ہے۔ ایک بیٹری کو معدے کی دیوار کے اندر نصب کیا جاتا ہے، جسے وائرلیس طریقے سے متحرک کیا جاسکتا ہے، جب وہ متحرک ہوتی ہے تو ڈیوائس کو دماغی سگنل مطلوبہ مسلز تک پہنچانے میں مدد ملتی ہے، تاکہ معذور شخص ایک بار پھر چل سکے۔
طبی جریدے نیچرڈے میڈیسین اور نیو انگلینڈ جرنل آف میڈیسین میں شائع مقالہ جات میں تحقیقی ٹیم نے بتایا کہ ریڑھ کی ہڈی پر انجری کے باعث مفلوج ہوجانے والے متعدد مریض اس ڈیوائس کی بدولت ایک بار پھر چلنے کے قابل ہوگئے، جو ان کی ریڑھ کی ہڈی میں نصب کی گئی۔ تاہم ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ ہر کسی کے لیے کامیاب نہیں ہے کیوں کہ مریض کو اس کے لیے سخت جسمانی تھراپی کے عمل سے گزرنا پڑتا ہے۔