لاہور: (ویب ڈیسک) چکوترا ذائقے میں تھوڑا کڑوا اور تھوڑا سا کھٹا ہوتا ہے لیکن یہ بے شمار طبی خوبیوں کا مالک ہے۔ اسے عام طور پر جوس کے طور پر استعمال کیا جاتا ہے اور یہ جسمانی وزن میں کمی لانے کے لیے بے حد مفید ہے۔
چکوترا میں کیلشیم، فاسفورس، فولاد، وٹامن اے، بی کمپلیکس، وٹامن سی، فولک ایسڈ اور پوٹاشیم موجود ہوتا ہے۔ طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ روزانہ ایک گلاس چکوترے کا جوس پینا خوراک کی خواہش پر قابو پانے میں مددگار ثابت ہوسکتا ہے۔ اس پھل میں ایسے اجزاء موجود ہوتے ہیں جو میٹابولزم کی رفتار کو بڑھا دیتے ہیں۔
ایک جاپانی تحقیق میں یہ بات سامنے آئی کہ چکوترے کے تیل کی خوشبو کو 15 منٹ تک سونگھنا بھی خوراک کی اشتہا اور جسمانی وزن کو کم کرنے میں مدد دیتا ہے۔ سرخ چکوترے کا ایک ماہ تک روزانہ استعمال کولیسٹرول کی سطح میں بھی 15 فیصد تک کمی کرتا ہے۔