جامشورو: (دنیا نیوز) ڈسڑکٹ ہیلتھ آفس جامشورو میں گزشتہ 3 ماہ سے بجلی کی عدم فراہمی کے سبب کروڑوں روپے کی ادوایات خراب ہونے کے امکانات ہیں۔
ڈسڑکٹ ہیلتھ آفس جامشورو کے ادوایات کے سٹور میں کروڑوں روپے کی ویکسین موجود ہیں لیکن گزشتہ رمضان المبارک سے بجلی کی فراہمی کا شدید بحران ہے اور بجلی کئی کئی دن تک کے لیے بند رہتی ہے۔ جس کی وجہ سے کروڑوں روپے کی ادوایات خراب ہونے کے امکانات ہیں۔
بجلی کی عدم فراہمی پر ڈسڑکٹ ہیلتھ آفس جامشورو میں ادوایات کے کولڈ اسٹور کا درجہ حرارت برقرار رکھنے کے لیے خصوصی انتظامات کرنے پڑتے ہیں۔اسٹور میں موجود ان ویکسین میں انسداد پولیو، ہیپاٹائٹس اور بچوں اور ماں کے حفاظتی ٹیکے شامل ہیں جن کو ایک مخصوص درجہ حرارت میں کولڈ اسٹوریج میں رکھا جاتا ہے۔
انتظامیہ کا کہنا ہے کہ مختلف بیماریوں سے بچاؤ کے لیے کولڈ اسٹوریج میں رکھی قیمتی اور حساس ویکسینز کو بجلی کی مسلسل فراہمی سے ہی محفوظ بنایا جا سکتا ہے۔