لاہور: (دنیا نیوز) ایک لاکھ 93 ہزار کنال اراضی کا سکینڈل، ہائی کورٹ نے تمام ملزموں کے خلاف کل تک مقدمہ درج کرکے ایف آئی آر کی کاپی عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیدیا۔
ملکی تاریخ کا سب سے بڑا اراضی سکینڈل، مقدمہ درج نہ ہونے پر لاہور ہائی کورٹ نے برہمی کا اظہار کیا۔ لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس علی اکبر قریشی نے سماعت کے دوران کہا کہ ایک سال بیت گیا جعلی عدالتی فیصلے بنانے والوں کو گرفتار کیوں نہ کیا گیا؟ ایک سال تک عدالتی فیصلہ پر عمل نہ کرنیوالے ان تمام ایس ایچ اوز کیخلاف کارروائی ہوگی جو اسلام پورہ تھانہ میں تعینات رہے۔
دنیا میڈیا گروپ نے 2016 میں ایک لاکھ 93 ہزار کنال اراضی کے جعلی عدالتی فیصلے کو بے نقاب کیا تھا۔ چودھری ارشد نامی شہری کی سربراہی میں یہ گروہ سادہ لوح افراد کو بلیک میل کرتا اور اراضی پر قبضے کرتا تھا۔
جسٹس علی اکبر قریشی نے ریمارکس دیے کہ جعلی عدالتی فیصلے بنانے والوں کو منطقی انجام تک پہنچائیں گے، عدالت کی عزت اور تکریم پر کوئی آنچ نہیں آنے دیں گے۔ عدالت نے سرکاری وکیل کو منگل تک ایف آئی آر درج کرنے اور تمام افراد کو گرفتار کرکے رپورٹ عدالت میں پیش کرنے کا حکم بھی دیا ہے۔