یاداشت کی کمزوری کا شکار مریضوں کی تعداد میں اضافہ

Last Updated On 24 September,2018 07:55 pm

کراچی: (دنیا نیوز) ماہرین صحت کا کہنا ہے کہ پاکستان میں اوسط عمر میں اضافے کے ساتھ بڑی عمر کے افراد میں حافظے کی بیماری کی شرح بڑھتی جا رہی ہے اور ایک محتاط اندازے کے مطابق الزائمر سے متاثرہ افراد کی تعداد 65 سال کی عمر کے افراد میں 10 سے 12 فیصد تک ہے۔

کراچی میں عالمی یوم یاداشت کے حوالے سے منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے دماغی و اعصابی امراض کے ماہرین پروفیسر اقبال آفریدی، ڈاکٹر عبدالمالک اور ڈاکٹر اعجاز وہرہ نے کہا کہ الزائمر یعنی حافظے کی کمزوری کی بیماری پاکستان سمیت دنیا بھر میں تیزی سے بڑھ رہی ہے۔ دنیا بھر میں ہر 60 سیکنڈ میں ایک فرد اس بیماری سے متاثر ہو رہا ہے۔

ماہرین نے کہا کہ پاکستان بزرگوں کی تعداد کے لحاظ سے دنیا کا چھٹا بڑا ملک ہے، دنیا بھر کی طرح پاکستان میں بھی یاداشت کی کمزوری کا شکار مریضوں کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے۔ ایک اندازے کے مطابق پاکستان میں 2 ملین افراد اس بیماری کا شکار ہیں۔