مکہ( روزنامہ دنیا) سعودی فرمانروا شاہ سلمان نے مکہ کو مدینہ سے ملانے والی تیز رفتار ٹرین کا افتتاح کر دیا، منصوبے پر 87 ارب ڈالر لاگت آئی، 450 کلومیٹر مسافت پر مشتمل حرمین ریلوے مکہ اور مدینہ کو براستہ جدہ ملائے گی۔
مشرق وسطیٰ میں یہ ٹرانسپورٹ کا اب تک کا سب سے بڑا منصوبہ ہے جس میں تقریباً 6 کروڑ افراد سالانہ سفر کریں گے۔ حرمین ریلوے کے کمرشل آپریشنز کا آغاز اگلے ہفتے سے کیا جائے گا۔
سعودی عرب کے وزیر ٹرانسپورٹ نبیل الامودہ نے جدہ سٹیشن میں افتتاحی تقریب میں خطاب کرتے ہوئے کہا مکہ اور مدینہ کے درمیان مسافت اب کم اور پہلے سے آسان ہوگئی ہے۔
یہ منصوبہ سعودی عرب کی اسلام اور مسلمانوں کے لیے خدمت کے وعدے کی عکاسی ہے۔
اس ٹرین میں مسافر انتہائی پر سکون ماحول میں سفر کریں گے جہاں انہیں کتابیں اور میگزین فراہم کیے جائیں گے جبکہ بزنس کلاس میں وہ ٹی وی دیکھ سکیں گے ، کافی پی سکیں گے یا ہلکی پھلکی غذا کھا سکیں گے۔