ریاض (نیٹ نیوز ) سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کا کہنا ہے کہ مملکت کا 88 واں یوم تاسیس ایک موقع ہے کہ ہم اس بات کو یاد کریں کہ ہمارے وطن کے بانی اور اس کو ترقی کی شاہراہ پر ڈالنے والے شاہ عبدالعزیز بن عبدالرحمن آل سعود اور ان کے بعد آنے والے ان کے بیٹوں نے کیا کچھ انجام دیا۔
سعودی ولی عہد نے یہ بات مملکت کے قومی دن کے موقع پر اپنے خطاب میں کہی۔ شہزادہ سلمان نے کہا کہ آج ہمیں اس بات پر فخر ہے کہ ہمارے وطن نے بین الاقوامی، اسلامی اور عرب دنیا کی سطح پر اپنا مقام بنایا۔ وہ علاقائی اور بین الاقوامی امن میں مؤثر کردار ادا کر رہا ہے۔ اس نے ریاستی اداروں کے عمل کے ذریعے اقتصادی ترقی کے میدان میں کامیابیاں حاصل کیں۔ اس دھرتی کے بیٹوں اور بیٹیوں کی کوششوں سے سماجی امن کا حصول ممکن بنایا۔
بدعنوانی کے انسداد کے لیے حکومت نے شفافیت اور انصاف پر مبنی بنیادی اصولوں اور اقدامات کا سہارا لیا۔ اس وقت مملکت ویژن 2030 کے اہداف کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کے لیے کوشاں ہے۔ یہ پروگرام مملکت کو ترقی یافتہ صف اوّل کے ممالک کے درمیان لا کھڑا کرے گا۔ ترقی اور خوش حالی کا یہ سفر خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود کی قیادت میں جاری و ساری ہے۔
بن سلمان کے مطابق اللہ رب العزت نے مملکت سعودی عرب کو الحرمین الشریفین اور حجاج و معتمرین کی خدمت کا عظیم شرف بخشا ہے، اور مملکت اس سلسلے میں اعلی ترین خدمات پیش کرنے کے لیے کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں چھوڑتی۔ سعودی ولی عہد کا کہنا تھا کہ ہماری اس سرزمین سے اسلام کے سفر کا آغاز ہوا اور یہاں سے نبوت کی روشنی پھیلی۔ مملکت مکمل اعتدال کے ساتھ دینِ حنیف پر ثابت قدمی کے ساتھ جمی رہے گی۔
انہوں نے کہا کہ شدت پسندی اور دہشت گردی کے خلاف جنگ جاری رہے گی اور کسی کو بھی اس بات کی اجازت نہیں دی جائے گی کہ وہ رواداری اور درگزر کے حامل ہمارے عقیدے کو اپنے ناپاک عزائم مقاصد پورے کرنے کے لیے استعمال کرے۔ ہم کسی کو بھی اپنے وطن کی خود مختاری پر ہاتھ ڈالنے یا ہمارے امن میں خلل ڈالنے کی اجازت نہیں دیں گے۔
آج ہم ہر میدان میں دھرتی کے فرزندان کی کوششوں کو سراہتے ہیں جن میں ہمارے فوجی اور سکیورٹی فورسز کے اہل کار سرفہرست ہیں۔ انہوں نے وطن اور دین کے تحفظ کے لیے دلیرانہ قربانیاں پیش کی ہیں۔ اللہ تعالی خادم حرمین شریفین کی قیادت میں ہمارے عظیم وطن کے امن و امان اور ترقی کو دوام بخشے۔