پاکستان اور سعودی عرب میں 10 ارب ڈالرز کا اقتصادی پیکج طے

Last Updated On 21 September,2018 09:39 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان اور سعودی عرب میں 10ارب ڈالر کا اقتصادی پیکج طے پا گیا، سی پیک کے تحت گوادرمیں آئل سٹی بنایا جائے گا، وزیر اعظم عمران خان نےسعودی قیادت کو ایران سے تنازع ختم کرانے کیلئے ثالثی کی پیشکش بھی کر دی۔

عمران خان کا دورہ سعودی عرب کامیاب رہا، دونوں ممالک کے درمیان 10 ارب ڈالرکے اقتصادی پیکج کا معاہدہ طے پا گیا۔ ذرائع کے مطابق سعودی عرب پاکستان میں آئل سٹی بنائے گا۔

واضح رہے کہ گوادر آئل سٹی کا منصوبہ پہلے چین کے پاس تھا۔ بتایاگیاہے کہ پاکستان نے چین کو سعودی عرب کیساتھ سی پیک معاہدوں سے متعلق اعتماد میں لیا اور چین کی آمادگی کے بعد معاہدہ سعودی عرب کو دے دیا۔ ذرائع کے مطابق متحدہ عرب امارات حکومت کیساتھ بھی اربوں ڈالرز کے معاہدے کیے جائیں گے۔

وزیراعظم عمران خان نے سعودی عرب اور ایران تنازعات پربھی گفتگو کی، انہوں نے دونوں برادر اسلامی ممالک ایران ،سعودی عرب میں تنازع ختم کرانے کی خواہش ظاہرکی، اور ان کے درمیان خلیج کم کرنے کیلئے ثالثی کی پیشکش کر دی۔
 

اس سے قبل وزیر اطلاعات فواد چودھری نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے سعودی عرب کو سی پیک میں شمولیت کی دعوت دی ہے، سعودیہ راہداری منصوبے میں تیسرا اقتصادی پارٹنر ہو گا جبکہ سعودی وزرا خزانہ، توانائی اور تجارت اکتوبر میں پاکستان آئیں گے، یو اے ای بھی اقصادی ٹیم بھیجے گا۔