بیجنگ: (دنیا نیوز) پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے دورہ چین کے موقع پر پیپلز لبریشن ہیڈ کوارٹرز کا دورہ کیا اور وہاں اپنے ہم منصب سے ملاقات کی، میزبان جنرل نے پاک فوج کی جنگی صلاحیتوں سے فائدہ اٹھانے کی خواہش ظاہر کر دی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی اپنے چینی ہم منصب کیساتھ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور اور سیکیورٹی تعاون کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
پیپلز لبریشن آرمی کے سربراہ جنرل ویگیو نے دہشتگردی کے خلاف پاک فوج کی اعلیٰ پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو تسلیم کیا اور سی پیک منصوبے کو موثر سیکیورٹی فراہم کرنے پر بھی پاک فوج کو سراہا۔
چینی جنرل ویگیو نے پاک فوج کی جنگی صلاحیتوں سے فائدہ اٹھانے اور دو طرفہ تعاون بڑھانے کی بھی خواہش کا اظہار کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق اس موقع پر آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک کی مسلح افواج کے درمیان ایک تاریخ موجود ہے اور تعاون کے وسیع مواقع موجود ہیں۔ آرمی چیف نے میزبانی پر اپنے ہم منصب کا شکریہ ادا کیا۔
اس سے قبل آرمی چیف کو پیپلز لبریشن آرمی ہیڈ کوارٹرز پہنچنے پر گارڈ آف آنر دیا گیا۔ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کل سنٹرل ملٹری کمیشن کے وائس چیئرمین سے ملاقات کریں گے۔