اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیرِاعظم عمران خان کے زیرِ صدارت اعلیٰ سطح اجلاس ہوا۔ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ، ڈی جی آئی ایس آئی اور وزیرِ خارجہ سمیت اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
وزیرِاعظم عمران خان نے کہا کہ پاکستان تمام ممالک کے ساتھ دوستانہ تعلقات اور خطے میں پائیدار امن چاہتا ہے۔ پُرامن افغانستان محفوظ پاکستان کی ضمانت ہے۔
اجلاس میں ملکی سلامتی، خطے کی سیکیورٹی صورتحال اور مختلف دوست ممالک کے ساتھ دو طرفہ تعلقات کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی کے دورہ افغانستان اور وزیرِاعظم کے دورہ سعودی عرب کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: ترقی کیلئے احتساب ناگزیر، حکومت میرٹ پر چلائیں گے: وزیراعظم
عسکری قیادت نے وزیرِاعظم کو افغانستان کے ساتھ بارڈر منیجمنٹ، سرحد پر لگائی جانے والی باڑ اور سیکیورٹی اقدامات سے آگاہ کیا۔
اس موقع پر وزیرِاعظم عمران خان نے واضح کیا کہ پاکستان تمام ممالک کے ساتھ دوستانہ تعلقات اور خطے میں پائیدار امن چاہتا ہے۔ پاکستان افغانستان میں سیاسی استحکام اور قیامِ امن کے اقدامات کی حمایت جاری رکھے گا۔
دنیا نیوز ذرائع کے مطابق وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی اپنے پہلے غیر ملکی دورے پر افغانستان جائیں گے۔ وزیرِ خارجہ ایک روزہ دورے پر ہفتے کی صبح کابل پہنچیں گے۔
افغان وزارتِ خارجہ میں پاکستانی اور افغان حکام کے درمیان وفود کی سطح پر مذاکرات ہونگے۔ ملاقات میں دو طرفہ تجارتی امور، پاک افغان ایکشن پلان فار پیس اینڈ سٹیبلیٹی پر بھی بات ہو گی۔ وفود کی سطح پر ہونے والی ملاقات میں جلال آباد قونصل خانے کی بندش کا معاملے پر بھی بات ہو گی۔