اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان سے ترک وزیرِ خارجہ کی ملاقات، دونوں ممالک کے درمیان دو طرفہ تعلقات اور اہم ایشوز پر تبادلہ خیالات کیا گیا۔
وزیرِاعظم عمران خان سے پاکستان کے دورے پر آئے ہوئے ترکی کے وزیرِ خارجہ نے ملاقات کی، انہوں نے نئی حکومت کو ترک صدر اور عوام کی جانب سے نیک خواہشات کا پیغام پہنچایا اور انتخابات میں کامیابی پر مبارکباد دی۔
ملاقات کے بعد جاری اعلامیہ کے مطابق عمران خان نے کہا کہ پاک ترک عوام مذہبی اور ثقافتی تعلقات میں بندھے ہیں، دونوں ممالک کی عوام کا مستقبل ایک دوسرے سے جڑا ہے۔
وزیرِاعظم نے کہا کہ پاکستان اور ترکی نے ہمیشہ ایک دوسرے کا ساتھ دیا، دونوں ممالک مستقبل میں مضبوط شراکت داری قائم کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ترک وزیرِ خارجہ نے کہا کہ ترکی معاشی ترقی، عوام اور خصوصاً نوجوانوں کی خوشحالی کے لیے تعاون جاری رکھے گا۔
اعلامیے کے مطابق دونوں رہنماؤں کے درمیان ملاقات میں باہمی تجارت بڑھانے پر بھی غور کیا گیا۔ ملاقات میں توانائی سمیت مختلف شعبوں میں ترکی کی سرمایہ کاری کے حوالےسے بھی بات کی گئی۔ دونوں ممالک نے اقوام متحدہ اور او آئی سی سمیت دیگر عالمی فورمز پر تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اظہار بھی کیا۔