لاہور: (دنیا نیوز) ماہرین صحت کا کہنا ہے کہ اکثر افراد کو دوپہر کے وقت نیند کی ضرورت ہوتی ہے۔
جاپانی محققین کے مطابق دوپہر کے وقت نیند کا تعلق انسانی جین میں تبدیلی سے ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ جین میں آنے والی تبدیلی ایک دن میں نیند کا دورانیہ مزید بڑھانے کا باعث بن سکتی ہے۔ گزشتہ سال امریکا کی سدرن کیلیفورنیا یونیورسٹی کی تحقیق میں بتایا گیا کہ دوپہر کی نیند کا بہترین وقت دوپہر 3 بجے کا ہے اور اس وقت 20 سے 30 منٹ کی نیند صحت کے لیے فائدہ مند ثابت ہوتی ہے۔
ایک اور تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ دوپہر کی یہ مختصر نیند دماغی افعال پر زبردست مثبت اثرات مرتب کرتی ہے۔ قیلولہ لوگوں کے ذہن کے لیے بہت اچھا ہوتا ہے کیونکہ یہ اس کی صفائی کا کام کرتا ہے۔ اگر لوگ قیلولے کو عادت بنالیں تو وہ معلومات کو زیادہ تیزی اور موثر طریقے سے ذخیرہ، برقرار اور یاد کرنے میں کامیاب رہتے ہیں۔