سوشل میڈیا کا زیادہ استعمال ذہنی صحت کیلئے نقصان دہ

Last Updated On 15 October,2018 06:45 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) سوشل میڈیا کا بڑھتا ہوا رحجان جہاں دیگر مسائل کو جنم دے رہا ہے وہیں ذہنی صحت کے لیے بھی نقصان دہ ہے۔

طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ اپنی ذہنی صحت کو بہتر بنانے کیلئے سوشل میڈیا کا بے تحاشہ استعمال جلد از جلد ترک کر دینا چاہیے۔ ماہرین کا خیال ہے کہ اگر تو آپ کسی سے رابطے کے لیے زبان کی بجائے ایس ایم ایس، فیس بک اور دیگر سوشل میڈیا کا استعمال زیادہ کرتے ہیں یا ان کو ہی ترجیح دیتے ہیں تو درحقیقت آپ اچھے دوستوں سے ہمیشہ ہی محروم رہیں گے، جبکہ فیس بک وغیرہ کے فرینڈز تفریح کے لیے تو ہوسکتے ہیں مگر ان سے دل کی باتیں نہیں کی جاسکتیں۔

درحقیقت سوشل میڈیا انسانی جذبات اور تجربات کا گلا گھونٹ دیتے ہیں، جس سے لوگوں کی ذہنی صلاحیتوں اور لوگوں کے ساتھ گھلنے ملنے میں دلچسپی کم ہوجاتی ہے۔ یہی چیز آگے بڑھ کر مایوسی یا ذہنی پریشانیوں کا گڑھ بن کر رہ جاتی ہے، جو انسانی صحت کے لیے انتہائی نقصان دہ ہے۔