واشنگٹن: (ویب ڈیسک) فِلپ فون کی 30 ویں سالگرہ پر امریکی کمپنی فرنٹیئر کمیونکیشن نے اعلان کیا ہے کہ اگر کوئی اپنا جدید سمارٹ فون ایک ہفتے کے لیے بند کر دے اور ان کا دیا ہوا فلپ فون استعمال کرے تو اسے ایک ہزار ڈالر کا حق دار بن سکتا ہے۔
خبر رساں ادارے کے مطابق اسے ای میل بھیجنے اور ایس ایم ایس کرنے کے سادہ امور کا ریکارڈ رکھنا ہوگا، اپنی نیند کے بارے میں بتانا ہوگا اور اس ایک ہفتے میں کام اور کارکردگی میں اضافہ ہوا ہے تو اس سے بھی آگاہ کرنا ہوگا۔
کمپنی کے مطابق ہمیں باہمت شخص کی تلاش ہے جو سات روز تک فلپ فون استعمال کرے اور دیکھنا چاہتے ہیں کہ آخر کیا ہوتا ہے؟ آپ کیسے سوتے ہیں؟ آپ کی کارکردگی کہاں کم اور کہاں زیادہ ہوتی ہے؟ اور آپ کیسا محسوس کرتے ہیں؟
ایک سے زیادہ شرکا کی صورت میں ایک خوش نصیب کو 1000 ڈالر دیئے جائیں گے۔ انعام یافتہ شخص کو بوریت بھگانے والا ایک بیگ بھی دیا جائے گا جسے فلپ فون کے بعض گمشدہ فیچرز کے لیے استعمال کیا جاسکے گا۔ ان میں جی پی نیوی گیٹر کی بجائے پرانا کاغذی نقشہ، پاکٹ فون بک، نوٹ پیڈ، پین اور 1990 کے دور کی بعض مشہور سی ڈیز بھی دی جائیں گی۔
اب تک 30 ہزار افراد اس چیلنج کے لیے رجسٹر ہوچکے ہیں اور سات جولائی کو انعام یافتہ خوش نصیب کا اعلان کیا جائے گا۔