مشی گن: (روزنامہ دنیا) پاکستان سمیت دنیا بھر میں بزرگ افراد وقت کے ساتھ ساتھ اپنی سماعت میں کمی محسوس کرتے ہیں اور گھر والوں کے اصرار کے باوجود بھی آلہ سماعت استعمال نہیں کرتے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق اب اس بات کے سائنسی ثبوت ملے ہیں کہ آلہ سماعت سے دیگر کئی مسائل حل ہو جاتے ہیں جن میں بار بار گرنے سے بچا جاسکتا ہے، ساتھ ہی ڈپریشن اور ڈیمنشیا بھی دور رہتا ہے۔ جرنل آف امریکن جیرائر ٹرکس سوسائٹی میں شائع رپورٹ کے مطابق یونیورسٹی آف مشی گن کی پروفیسر الہام محمودی کے مطابق اگر اونچا سننے والے بزرگ بر وقت آلہ سماعت لگا لیتے ہیں تو آگے چل کر وہ کئی دماغی امراض سے بھی بچ سکتے ہیں۔
اس ضمن میں انہوں نے کئی ہزار افراد کا ڈیٹا دیکھا اور اس کا باریکی سے جائزہ لیا جس میں 66 سال سے بڑی عمر کے ایسے 115,000 افراد کا جائزہ لیا گیا۔ سائنسدانوں نے شماریاتی ماڈل کے تحت بتایا کہ آلہ سماعت پہننے سے الزائمر اور ڈیمنشیا کا خطرہ 18 فیصد کم ہوجاتا ہے۔
ڈپریشن میں 11 فیصد اور گرنے اور پھسلنے میں 13 فیصد تک کمی واقع ہوسکتی ہے۔ اس کی وجہ بتاتے ہوئے ماہرین نے کہا کہ جب انسان سننے سے محروم ہو جاتا ہے تو وہ خود کو تنہا سمجھتا ہے جس سے اداسی جنم لیتی ہے شاید یہ سلسلہ آگے بڑھ کر دیگر سنجیدہ دماغی امراض کو جنم دیتا ہے۔